Find the latest bookmaker offers available across all uk gambling sites www.bets.zone Read the reviews and compare sites to quickly discover the perfect account for you.

JAHEZ KI MAJBOORI – EK GHAREEB LADKI KE JAZBAAT

Jahez aur Ghareebi

كچهـ تو قيمت لگاؤ
سر ميں چمكتے چاندى كے تاروں سے متفكر ، چہرے پر در آنے والى شكنوں سے حيران وپريشاں ، آنكهوں كے گرد سياه حلقوں كے حاشيے اور دل ميں ہزاروں حسرتوں اور ناكاميوں كے جلتے بجهتے چراغوں كى روشنى ميں اپنى اداس اور بے مقصد اور بے نور زندگى كے عذاب كو سہتے ہوئے زندگى كى ان راہوں پر تنہا سفر كرتے ہوئے ميرے پاؤں زخمى ہوچکے ہيں ، ميرا كوئى ہمدرد نہيں ، كوئى پرسان حال نہيں، ميں زندگى كى ان راہوں پر يک و تنہا چلى جارہى ہوں ، ايک نا معلوم منزل كى طرف اپنى تمناؤں اور آرزؤوں كى لاش اپنے كمزور اور ناتواں كاندهوں پر اٹهائے، كيا كيا نہ خواب سجائے تهے ميں نے اپنى ان بولتى آنكهوں ميں جسے اب حسرتوں اور اداسيوں نے اپنا آشيانہ بنا ركها ہے كيا كيا نہ ارمان تهے جو ميرے دل كے نہاں خانوں ميں ہى ٹوٹ پهوٹ كر ره گئے جس كى آواز بهى كوئى نہ سن سكا –
آخر ميرى خطا كيا ہے كيا جرم ہے ميرا، كيا لڑكى بن كر پيدا ہونا كوئى جرم ہے؟ گناه ہے ؟ اگر جرم ہى ہے تو مجهے سنگسار كيوں نہيں كرديتے ! كيوں نهيں چهين ليتے مجهـ سے ميرى زندگى ، آخر مجهے كس جرم كى سزا دى جارہى ہے، كيوں ميرے ارمانوں كو صليب پر لٹكايا جارہا ہے كيوں يہ سماج اور اس كے بيہوده او غير قوموں سے اپنائے رسوم و رواج ميرى زندگى كے دشمن بن گئے ہيں ، كيوںٌ جہيز كى اس لعنت نے ميرى اور مجھـ جيسى ہزراوں بد نصيب لڑكيوں كى زندگى كو جہنم زار بنا كر ركهـ ديا ہے.
ايسا كونسا جرم كيا تها ميں نے ؟ يهى نا كہ كسى ان ديكهے اور ان جانے ہمسفر كے خيال سے ميرى آنكهيں چمک اٹهتى تهيں وه ہمسفر جس كے ہمراه ميں اپنى زندگى كا سفر عفت و عصمت كى پناہوں ميں رہتے ہوئے كرسكوں، ميرا جرم يہى ہے كہ ميں اپنے دل كے نہاں خانوں ميں ايک انجانى سى شبيھ كو سجا ركها تها كہ كبهى تو وه ميرے اپنے خوابوں كى واديوں سے نكل كر ميرى زندگى ميں آئے گا اور مجهے اپنى دلهنيا بنا كر لے جائے گا، يہى تو وه خواب ہيں جو ميں ديكها كرتى تهي اور انهيں اپنے دل كے كسى تاريک گوشے ميں قيد كئے هوئے تهى اس لئے كہ ميرى اپنى مشرقى تہذيب اور حيا مجهـ سے اس بات كے متقاضى هوتے تهے كہ ميں اپنا حال دل كسى پر آشكار نہ كروں اس لئے كہ يہ حيا اور عصمت ہى تو ميرے زيور تهے جو مجهے اپنى جان سے بهى زياده عزيز تهے
جب ميں اپنے والدين كو ديكهتى ہوں تو مجهے ان كى آنكهوں ميں فكر اور اداسى كى پرچهائياں نظر آتى ہيں ان كے چہروں سے وه درد اور كرب آشكار اور ظاہر ہوتا ہے جو وه اپنى بيٹى كے ہاتهـ پيلے كرنے كى فكر ميں اپنے دل كے نہاں خانوں ميں چهپائے ركهتے ہيں – غريب اور سماج كے بيجا رسوم و رواجوں كے ستائے اور كر بهى كيا سكتے ہيں.

مجهـ جيسى ہزاروں لڑكياں ہيں جو جہيز كے مزار پر بيٹهى غربت كے آنگن ميں جنم لينے كى سزا پارہى ہيں كسى كو جهيز كم لانے كے جرم ميں پروانہ طلاق ہاتهـ ميں تهماكر كر بابل کے گهر بهيج ديا جاتا ہے تو كسى كو اسى جرم كى پاداش ميں زنده جلاديا جاتا ہے تو كوئى خود اپنے ہاتهوں موت كو گلے لگاكر اس متعفن رسوم و رواجوں والى دنيا كے چہرے پر طمانچہ رسيد كر جاتى ہے – ان ميں مريم بهى ہے زليخا بهى اور سيتا بهى
كہاں ہو انسانيت كى اور اصولوں كى باتيں كرنے والو ، كہاں ہوميرى قوم كے راہنماؤ، مزاروں كے سجاده نشينو ، مرشدو اور ملاؤ ، اس ماده پرست دنيا كے باسيو،ہم سے شادى كرنے كے لئے اپنى قيمت بتلانے والے کم ظرف نوجوانو، آؤ كچهـ تو قيمت لگاتے جاو اپنے ماده پرست افكار اور ذہنيت كى ، كچهـ تو قيمت لگاؤ اپنے بیہوده رسوم ورواجوں اور اصولوں كى ، اپنى طمع حرص اور لالچ كى ، لگاؤ كچهـ تو قيمت اپنے مرده ضميروں كى ، اپنى سوئى هوئى حميت اور غيرت كى ، اپنے اشرف المخلوقات كے مرتبہ سے گرنے كى ، ہمارے دست حنائى سے رنگ چرالينے كى ، كچهـ تو قيمت لگاؤ ايک مجبور و غريب باپ كے دلى كرب كسک اور تڑپ كى ، اپنى بيٹيوں كى جواں لاشوں كو اپنى بوڈهى آنكهوں سے ْديكهنے كى ، اپنى بيٹيوں كو سفيد كفن پہناكر ڈولى كے بجائے ڈولے ميں سونپنے كى ، لگاؤ كچهـ تو قيمت ايک ماں كى لٹتى هوئى حسرتوں اور تمناؤں كى ، اپنى لاڈليوں كو جهيز كے خونى مزار ميں دفن كرنے كى ، كچهـ تو قيمت لگاؤ اپنى سنگدلى كى ، اپنے حيوان بننے كى ، كسى سيتا مريم اور زليخا كو زنده جلادينے كى ، كچهـ تو قيمت لگاؤ ………. كچهـ تو قيمت لگاؤ

About Aleem Khan Falki

Check Also

He eats by her hands & She walks by his legs! MashaAllah

Ahmad and Fatima, A young married couple who, despite Ahmad having no arms and Fatima ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *